ابراھیم رئیسی کے صدر منتخب ہونے پر مبارکباد

IQNA

ابراھیم رئیسی کے صدر منتخب ہونے پر مبارکباد

8:58 - June 20, 2021
خبر کا کوڈ: 3509608
تہران(ایکنا) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ترجمان نے کہا کہ ایک مجاہد عالم کے انتخاب سے اسلام دشمنوں کو مایوس کیا گیا۔

ایکنا نیوز کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے ہمسایہ برادر اسلامی ملک ایران کے صدارتی انتخابات میں آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کی کامیابی پر ایرانی قوم اور دنیا بھر کے سامراج دشمن حریت پسندوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی قوم نے ایک صالح با کردار اور مجاہد عالم دین کا انتخاب کر کے اسلام دشمن استکباری قوتوں کو مایوس کیا جو گذشتہ 43 سال سے انقلاب اسلامی کے خلاف مسلسل سازشوں میں مصروف ہیں اور جنہوں نے حالیہ انتخابات کے موقع پر بھی انقلاب اسلامی کے خلاف کھل کر اپنی عداوت اور دشمنی کا اظہار کیا۔ دشمن کے بھرپور پروپیگنڈہ کے باوجود صدارتی الیکشن میں عوام کی بھرپور شرکت نے ایک دفعہ پھر اسلامی جمہوریہ کو عالمی استعمار کے مقابلے میں سرخرو کیا۔

انہوں نے کہا کہ سید ابراہیم رئیسی نے حرم حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے متولی اور پھر چیف جسٹس کی حیثیت سے عوام کی جس طرح خدمت کی امید ہے کہ صدر جمہوریہ کی حیثیت سے وہ خدمت کی اعلی مثال قائم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران دو برادر اور ہمسایہ اسلامی ممالک ہیں جن کے عوام اور حکومتوں کے درمیان دوستی اور اسلامی برادری کا اعلی رشتہ قائم ہے جو امریکہ سمیت عالمی سامراجی قوتوں کو پسند نہیں۔ امید ہے کہ نو منتخب ایرانی صدر پاکستان کے ساتھ تجارت ثقافت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کے فروغ پر خصوصی توجہ دیں گے۔ حکیم الامت حضرت علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے افکار و تعلیمات اور ان کی فارسی شاعری دو ملکوں کے عوام اور حکمرانوں کے لئے رہبر اور رہنما کا درجہ رکھتی ہے۔ دو ہمسایہ برادر اسلامی ممالک تجارت کو فروغ دے کر اپنے عوام کی خوشحالی کا اہتمام کر سکتے ہیں۔ پاکستان کو جس توانائی بحران کا سامنا ہے اس میں ایران سے سستا تیل گیس اور بجلی خرید سکتا ہے جبکہ ہم ایران کو چاول گوشت سمیت کئی اشیاء برآمد کر سکتے ہیں۔ صدر زرداری کے دور حکومت میں گیس کے معاہدے پر بھی عمل در آمد کی ضرورت ہے۔ اس وقت دونوں ممالک میں جاری تجارت کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ اس تجارت کو قانونی شکل دینے سے دونوں ممالک کو ٹیکس کی مد میں کثیر زر مبادلہ مل سکتا ہے۔

نظرات بینندگان
captcha